Wednesday, June 20, 2012

برکت علی عرف باقی


      "چوہدرى جى گل تے سنو،فير مار وى لينا“اس كے چوہدرى کہنےكى دير تھى،كہ يك دم ميرى گردن كا خم دور ہو گيا اورچھاتى يوں پھول گئ جيسےكوئى خبطى گوريلہ مجھےفوج ميں بھرتى كرنےكےواسطے فيتہ لے كر اسے ناپنے والا ہو، اس لفظ "چوہدرى"كے بارے ميں سيانے كہتے پائے گئے ہيں كہ اگر بوقتِ توليد كسى بھی زى رو كو "چوہدرى”"كہہ كر پكارا جائے تو وه وہيں اكڑ رہتا ہے اور زچہ كى موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔
       اوۓ تجھے ميرا ہى كھيسہ ملا تھا ہاتھ صاف كرنے کیلیئے،كوئى كام وام نى كرتا تو اوۓ۔ كہاں چوہدرى جى، نہ كام ہے،نہ گھر،دوسرے دن سے بھوكا ہوں جی!چل كسی ہوٹل ميں چل تجھے كھانا كهلاؤں- نى جى آپ پيسے ديں،ميں خود ہی كھا لوں گا۔ تجھے تھانے ناں دوں؟چل اگے لگ،يہاں سے دو فرلانگ پہ ہوٹل ہے.ميں نے اسے پيسے بظاہر اس ليے نہيں دیئے تھے كہ يہ كوئى دوكھےباز بھى ہو سكتا ہےمگر شايد لاشعور ميں بار بار"چوہدرى" سننے كى حسرتيں لُوٹ پُوٹ ہو رہيں تھیں۔
         چٹا گورا رنگ،كوٹھے جتنا قد،موٹى موٹى آنكھيں،جن ميں لال ڈورے اس كى راتوں كا سراغ ديتے تھے،ہنستا تو رخساروں ميں گہرے گڑے پڑ جاتے،بلكل “خوابوں والى” كى طرح.جب وه كھانا كھا رہا تھا تو ميں نےاسی وقت فيصلہ كر ليا تھا كہ يہ اب ميرے ساتھ ہى رہے گا۔ پرديس ميں ايسا ہيرا رلنا نہيں چاہيے اسی لیے جب اس نے كھانا كھانے كے بعد،ٹھونسنے كى كوشش كى تو ميں نے اسےاٹھنے كو كہا اور بہرے كو بل لانے كے ليے آواز دى جو شايد اسى انتظار ميں كہيں پاس ہى كھڑا تھا.بہرے نے بل مجھے تھمانا چاہا تو اس نے جھٹ سے اچك ليا۔ چوہدرى جى بل ميں دوں گا اور دوسرے ہى لمحے اس نے اپنى جيب سے ميرا پرس نكالا اور مسكراتے ہوئے بل ادا كرنے كے بعد پرس مجھے لوٹا ديا.ميں نے ہوٹل سے باہر نكلتے ہوئے اس سے نام پوچھا تو جھٹ سے بولا،بركت على موچى۔ يہ موچى بتانا لازم تھا اوۓ،لےآج سےتيرانام "باقى”"ہے،يونان ميں يہى روايت ہے كہ كوئى چھوٹا سا نام ركھ ليتے ہيں جو يونانيوں كو ياد بھى رہے اور پكارنے ميں آسانى بھى ہو،اگر كوئى نہ بھى ركھے تو يہ اپنى مرضى سے كوئى نام ركھ ديتے ہيں جو اكثر مہنگا ہی پڑتا ہے.لے واى باقى، يہ ہے اپنا گھوڑا،ميں نے اسے موٹر سائيكل كى طرف اشارا كرتے ہوئے كہا۔ ملوم اے چوہدرى جى،جب آپ اس سے اتر كر اس دكان كى طرف جا رہے تھے تو ميں يہيں سے آپ كے پيچھے ہوليا تھا۔ مطلب تو نے پورا منصوبہ بنايا تھا،تو عادى جيب كترا ہے اوئے؟نى جى،مجھے پتہ تھا كہ آپ مجھے مارنے كے بعد ميرى مدد ضرور كريں گے،اگر كسى اور كى پاكٹ مارتا تو اس نے پُلس كے حوالے كر دينا تھا۔ چل بيٹھ ۔ميں نے موٹر سائيكل اسٹارٹ كرتے ہوے اسے كہا.
         تھوڑى دير بعد ہم اپنے ڈيرے پر تھے،ابھى تك كوئى بھى كام سےلوٹ كر نہيں آيا تھا۔ميں نے اسے توليہ ديا اور غسل خانے كا راستہ بتاتے ہوئےكپڑوں كى المارى كھول كر دكھائى كہ جو پورے آتے پہن لينا اور ايك عدد خود كار استرا تھمايا تاكہ شيو بھى بنا لےاور خود كام پہ جانے كى تيارى ميں جھٹ گيا،اتنے ميں شيرا بھی اپنے مخصوص انداز ميں سلام كرتا ہوا آ دھمكا،شيرے كے سلام كا جواب ہاتھ كے مخصوص انداز ميں گھمانے كے سوا ميں آج تك نہيں ڈھونڈ پايا.غسل خانے سے نل كے كھلنے كى آواز سنتے ہى شيرے نے پنجابى كى سب سے ہلكى گالى كا "ی"اڑايااوراس سےپہلےكہ وه غسل خانے ميں بركت على كے گرنے كى آواز پہ اور جھاگ اڑاتا،ميں اس پہ اپنا چڑھا ہوا پاره انڈيل چكا تھا اور وه بےشرموں كى طرح وضاحتيں كرتا ره گيا كہ پہلے بتانا چاہے تھا ناں وغيره وغيره۔ مجھے كام سے دير ہو رہى ہے،بركت على ميرا مہمان ہے اور چند دنوں تك يہيں رہے گا،ميرے واپس آنے تك اس كى خدمت يوں كرؤ جيسے يہ خوابوں والى كا رشتے دار ہواور باقى مشٹنڈوں كو بھى سمجھا دينا۔ شيرے كو ضرورى ہدايات دينے كے بعد ميں كام پر چلا گيا۔.
          آٹھ پہروں ميں چار پہروں كى مزدورى جو ہر ہفتے بعد بدل جاتى ہے،بندے كى سٹى گهما ديتى ہے.نيند كا كوئى نظم و ضبط باقى نہيں رہتا،ليكن آج مجھے كام پر نيند كے جھونكے بلكل نہيں آ رہے تھےاور نہ ہى كافى كى ضرورت محسوس ہوئى.حالنكہ ايلينى دو تین بار فون كر چكى تھى كہ كافى بھيجوں مگر ميں نے انكار كر ديا۔ كمپيوٹر كى سكرين پہ آٹوكاڈ كے ہر نمونے كى "فریم وائير"ميں سے "خوابوں والى"كےگہرے گڑوں والى شبیہ كے علاوه كوئى اور شے بھى مجھے تنگ كر رہى تھى.كھانے كے وقفے ميں ابھى چند گھڑياں باقى تھيں كہ ميں نے"Ἐλευθέριος  Βενιζέλος" كا بت كھودتى مشين كا سرخ بٹن دبايا اوراپنے ارد گرد لگے كيمروں كے پيچھے سے جھانكتے ہوئے بڈھے سنكئ كى تلملاہٹ كا اندازه لگاتا ہوا سيدھا كيفيٹيريا ميں جا گھسا۔ وقت سے پہلے ميرى غير متوقع آمد پہ ايلينى كى خوشگوار حيرت كو نظر انداز كرتے ہوئے ميں نے يہ پوچھا كہ اس نے آج مجھے كتنى بار كافى كى پيش كش كى ہے،تو وه بولى تين بار- تو ميرى جان ايك كپ ميں تين چمچۓ كافى كے اور ايك چمچ شكر ڈال كر جلدى سے كافى كا ايك گرما گرم كپ رگڑواور ہاں دودھ بلكل نہ ڈالنا-چند لمحوں بعد ايلينى نے كافى كا گرم كپ مجھے تھمايا تو اس كا چہره بھى مجھے روٹھى ہوئى "خوابوں والى"كاسا لگا۔ ميں نے اُسے خوش كرنے كيلئے ايك ہوائى بوسۂ پهينكا اور كهڑكى كے پاس پڑے اسٹول پہ جا كر بيٹھ گيا جس كے باہر چاند ابهى ابهى كسى بادل كى لپيٹ ميں آگیا تها،بغير روئى كى گولى كے دو كاغذوں پہ مشتمل بيڑى لپيٹى جو كہ اپنى جسامت كے لحاظ سے کسی بھی سگار سے كسى طور كم نہ تھى،كافى كا گھونٹ لينے كے بعد بيڑى كا گہره كش لگا كر چاند كےبادل ميں سے جھانكنے كا انتظار كرنے لگا تاكہ دو چار چھلے اس پر وار سكوں كہ اتنے ميں فون كى گھنٹى نے مجھے چونكا ديا۔ شيرے كى گھبرائی ہوئى آواز سے يہ برآمد یوا كہ بابا خان ،بركت على كا انٹرويو كرنا چاہتا ہے۔ بلكل بھى نہيں،كسى صورت نہيں یو سكتا،بركت على كو بابے خان كے سامنے كسى صورت نہ جانے دينا،سنا تو نے! شيرے نے ميرى چنگاڑتی ہوئى آواز كى وجہ پوچھے بغير مجھے يقين دلايا كہ ايسا ہى ہو گا۔ فون بند ہونے كے ساتھ ہى ميں نے كافى كا گھونٹ ليا تو وه نہايت كڑوى محسوس ہوئى اور يہى حال سگارنما بيڑى كا بھى تھا.كافى كا كپ ميں نے گند كے ڈبے ميں پھينكاجوكہ ايلينى كے پاس ہى پڑا تھا،اُس كے گال تھپتپاتےہوئے تقريباً بھاگتا ہوا مشين كے پاس چلا گيا،جس پہ پڑے آنجہانى "Ἐλευθέριος Βενιζέλος" ميرا انتظار كر رہے تھے۔ مشين كو بت تراشى كے مشركانہ فعل پہ لگا كر ميں كمپيوٹر كى سكرين پہ آٹوكاڈ كى دنيا ميں الجھ کر رہ گيا يہاں تك كہ صبح ہو گئ،ہفتے كا آخرى دن ہونے كے ناطے مشين بند كرنا پڑى اور سيدھا ڈھيرے پہ آ گيا۔
       صبح كا سورج نيزے برابر افق پہ ابھر چكا تھا مگر اپريل كى صبح خاصى خنك ركھتى ہے،ہركھيس ميں سے خراٹوں كى آواز آ رہى تھى .پورے مكان ميں مينڈكوں اور گدھوں كا مقابلہ "خروٹر" زوروں پہ تھا.دو دنوں كى تھكاوٹ بمعہ جگراتا كے زہر كا ترياق، گرم پانى سے ايك عدد غسل اور فون پہ ماں جى كى گرام بيل كو ڈھيروں دعاؤں (جو كہ كبھى ختم ہونے كا نام ہى نہیں ليتيں) سے ہى ممكن تھا مگر غسل كے بعد نيند پہ تازگى كے ڈاكے سے چوكنا"خوابوں والى" مجھے سيدھا بستر پہ لے گئ اور تھوڑى دير بعد ميں بھى مقابلہ "خروٹر" كا حصّہ تھا۔
         خوابوں كے كھيت ميں ان دنوں گندم كى فصل تيار كھڑى تھى اور وه پگڈنڈى پہ درانتى لئےميرا انتظار كر رہى تھى-ابھى ميں نے تھكاوٹ كى ور چارپراتيں ہی بچھاڑى ہوں گى كہ مجھے اپنے اردگرد تمباكو اور گڑ كے ايك ساتھ جلنے كى خوشبو نے مسحور كر كے ركھ ديا-اسى لمحے ساتھ والے كھيت ميں  ٹٹيرى نے آسمان سر پہ اٹھا رکھا تھا اور ٹی  ٹی ٹيں  كيے جارہى تھى- میری آنکھ کھلی توبركت على مجھے زور زور سے جنجھوڑ رہا تھا۔ سارا مكان دھويں سے بھرا ہوا تھا اور فائرالارم زور زور سے بج رہا تھا-اس سے پہلے كہ كوئى فائيربرگيڈ والوں كو فون كرتا،ميں نے مكان كے تمام دروازے كھڑكياں كھوليں اور ہمسائیوں كو سارى صورتحال سے آگاه كياجونكريں،بنیانيں پہنے اپنى خوابگاہوں سے سيدھا ميرے مكان كے گرد جمع ہونےہی والے تھے- بركت على بچاره چلم ہاتھ ميں ليے سہما كھڑا تھا۔ وه جى ميں فلك شير كے ساتھ اشٹور ميں گيا تو وہاں مجھے پڑا مل گيا،ميں نے سوچا چوہدرى صاب جب اٹھيں گے تو خوش ہو جائيں گے تازه دم حقہ ديكھ كر-اور يہ مشوره تجھے شيرے نے ديا ہو گا؟نى جى اس بچارے نے تو مجھے گڑ اور تمباكو نكال كر ديا اور خود باؤ بن كر دوسرے لڑكوں كے ساتھ كہيں چلا گيا ہے- دراصل چلم بھرنے کے واسطے برکت علی نے چمنى کا انتخاب کیا تھاجو اوپر سے بند تھى اور اس کے اندر لگا ہوا خودکار پنکھا اس کے اوپری حصے میں دھواں جما کرتا رہا اور آخرکار جب بےبس ہو کر رہ گیا  توجمع شدہ دھواں یک دم پورے مکان میں لگے الارموں کو ان کےچیخنے چنگاڑنے کے  فرائضِ منصبی کی ادائیگی پہ مجبور کر گیا۔
              لے وائى بركتا ميں ایك تارى لگا لوں پھر حقہ گرم کرتے ہيں مل كر- ميں  نے المارى سے تويرے كا سفيد كرتا نكالا اور اسے استرى كرنے لگا جو ماں جى نے اپنے ہاتھوں سے سلائی  كر کے بھيجا تھا اور جس كے پہننے كى نوبت صرف عيد كے عيد ہى آتى تھى، تو بركت على نے استرى ميرے ہاتھ سے چھين كر کہا كہ چوہدرى جى تسى تارى لاؤ تے ميں استرى كرتا ہوں،اور فكر ناں كريں جلاؤں گا بلكل نى جى۔ لے ميرى بے بے سے بات بھى تو ہى كر لےميں نے فون اٹھا كر ماں جى كا نمبر ملاتے ہوئے اسےجنجھلا كر كہا تو اس كى آنكھيں بھر آئيں-ميں سمجھ گيا كہ میں نے  انجانے میں بركت على كى دکھتی رگ پہ ہاتھ رکھ دیا ہے- ماں جى كا حال پوچھنے كے بعد ان كى روائیتی دعاؤں كا سسلسلہ شروع ہوتے ہى ميں نے فون بركت على كو پكڑايا اور خود نہانے چلا گيا-مجھے معلوم ہے كہ تو چائے بھى بہت اچھى بناتا ہوگا مگر خبردار جو كچن ميں آيا تو،ميں نے پتيلى چُولے پہ چڑهاتے ہوئے بركت على سے كہا جو قميض ہاتھ ميں ليے سيدھا كچن ميں ہى گھسا چلا آ رہا تھا-
      تھوڑى دير بعد ہم دونوں چائے كى سرکيوں كے ساتھ حقے كى گڑگڑ كى لے تال ملا رہے تھے- بات كى پھر ماں جى سے؟ميں نے حقے كى نے اسے پكڑاتے ہوئے پوچھا- بس جى كسى گامے بيلے كو دعائيں ديتیں رہیں،اور جب ميں نے انہيں بتايا كہ ميں گامہ بيلا نى ہوں بلکہ بركتا موچى ہوں تو انہوں نے آپ كو پتا كيا كہہ كر فون بند كر ديا؟كيا كہا اوئے؟ميں نےاپنی ہنسی پہ قابو کرتےہوئے اُس سے حقے کی نے ليتے ہوئے پوچھا-چوہدرى جى ماؤں كو ستايا نہيں كرتے،ويلہ ہتھ نى آتا-ربّ کا دوجا روپ ہوتی ہے ماں زمین تے۔ جدی ماں رس جاتی ہے اس کا سمجھو ربّ  رٹھ گیا۔ ویسے یہ گاما بیلہ کون نیک بخت ہے جی؟میرا روحانی رقیب ہے یار،میرے ساتھ حصّہ دار ہے دعاؤں کا۔ یہ فون اسی نے ایجاد کیا تھا برکتا۔ برکت علی کی ہنسئ چھوٹ گئ اور میں اس کے گہرے گڑھوں کے توسط پھر خوابوں خیالوں کی دنیا میں بھٹک کر رہ گیا۔
 حقہ کیسا لگا آپ کو؟برکت علی نے حقے کی نےمجھ سے تقریباً  چھینتے ہوۓ پوچھا
ودیا ہے وای برکتا،کہاں سے سیکھا تو نے حقہ ڈالنا؟
ابّے سے جی،چوہدری اللہ رکّھے کو ابّے کے علاوہ کسی اور کے ہاتھ کا حقہ پسند نی آتا تھا جی
اؤے تو  چاچےشریفے کا پتر ہے اؤے؟میں نے چونک کر پہلو بدلتے ہوئےکہا۔
آپ کیسے جانتے ابّے کو جی؟برکت علی نے بھی حیرت سے پوچھا۔
بابے اللہ رکّھے کا گاٹا میرے چاچےنے ہی تو اتارا تھا!
وہ تو ابا کہتا تھا کہ پاغل ہو کے مرا تھا!
     اسی سٹ کی وجہ سے ہی توپاگل ہوا تھا وہ،پر تیرا ابّا بڑا چنگا بندہ تھا یار،چاچے کی ایک آواز پہ دوڑا چلا آتا تھا۔کبھی بات ہوئی تو میرا سلام کہناچاچے کو۔اب  ابّا سننے جوگا نی رہا جی،چار سال ہوئے اسے گزرے ہوئے۔برکت علی کی آنکھوں میں آنسوؤں کا سیلاب امڈا ہی چاہتا تھا کہ میں نے ہاتھ اٹھا کر فاتحہ پڑی اور اسے دلاسا دیا ۔اتنے میں دروازے پہ زور کی دستک ہوئی تو میں سمجھ گیا کہ بابے خان کے سوا  اور کون ہو سکتا ہے جو انگلی سے گھنٹی دبانےکی بجائے اپنا  پورا ہاتھ  اور میرا دروازہ توڑنے پہ تلا ہوا ہے۔ خاں جی ادھر بیٹھیں،اس صوفے پہ، آپ کیلیئے سپیشل لے کر آیا ہوں،منجی کا سا سواد دیتا ہے۔ایوے پیسے ای روڑ آیا اے پترا،ایدی کی لوڑ سی بھلا،اور سنائیں آپ باؤ جی،میں تو کل ہی آپ سے ملنے آیا تھا مگر شیرے نے مجھے یہ کہہ کر ٹال دیا کہ چوہدری کا حکم ہے کہ مہمان کو نیند سے کوئی نہ جگائے۔ بابے خان نے برکت علی سے مخاطب ہو کر کہا۔ برکت علی بچارہ بجائے جواب دینے کے میری طرف سوالیہ نظروں سےدیکھ رہا  تھا۔ میں نے بےاعتنائی سے نظریں پھیر باورچی خانے میں چلا گیا تو اس نے کل  وقوع پذیر ہونے والے سارے واقعات من و عن بیان کر دئیے۔ میرے لسی بنا کر لانے تک برکت علی اور بابا خان ،چاچے شریفے کی فاتحہ پڑھ چکے تھے۔ لسّی پینے کے بعد خان جی نے حقے کی نے تھامی اور گہرے کش لگانے لگے، جیسے جناح صاحب کے بارے میں  مبینہ کہا جاتا ہے کہ انھوں نے اپنی بیٹی کو عاق کرنے کے بعد اس رات  بیسیوں سگار پھونکے تھے۔ خلاف توقع بابے خان نے حقے کی نے برکت علی کو پکڑائی اور مجھے توقع کے عین مطابق باہر  طلب کر لیا۔
    
    

2 comments:

  1. “اليفتھيروينيزيلس kia hota hai otherwise its a perfect one

    ReplyDelete
  2. "الیفتھیرووینیزیلس"جدید یونان کے بانی تصور کیے جاتے ہیں ۔
    http://en.wikipedia.org/wiki/Eleftherios_Venizelos

    ReplyDelete